اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے مساجد میں جمعہ کی نماز اور خطبہ کے لیے ایک یکساں نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے مطابق اب پورے یو اے ای میں جمعہ کی ادائیگی ایک ہی وقت پر ہوگی۔ اماراتی جنرل اتھارٹی آف اسلامک افیئرز نے اس اعلان کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے اور بتایا ہے کہ اس پر عمل درآمد 2 جنوری 2026 سے شروع ہوگا۔نئے شیڈول کے تحت جمعہ کا خطبہ اور نماز دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر ایک ساتھ ادا کی جائے گی، جس کے بعد مختلف امارات میں موجود سابقہ اوقات کا فرق ختم ہوجائے گا۔اس سے قبل دبئی اور ابوظہبی میں نمازِ جمعہ عام طور پر 1:30 بجے جبکہ شارجہ اور شمالی امارات میں تقریباً 12:30 بجے ادا کی جاتی تھی۔
نئے فیصلے سے پورے ملک میں ایک مربوط اور ہم آہنگ نظام قائم ہوجائے گا۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد جمعہ کے انتظامات میں بہتری لانا، انتظامی یکجہتی بڑھانا اور ملک بھر میں مذہبی امور کو منظم انداز میں یکساں کرنا ہے۔ساتھ ہی عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقرر کردہ وقت کی پابندی کرتے ہوئے بروقت مساجد پہنچیں تاکہ کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ حکام کے مطابق یکساں شیڈول کے نفاذ سے مساجد میں انتظامات مزید مضبوط ہوں گے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔



















































