اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نجی شعبے میں روزگار کے فروغ کے لیے سعودی عرب میں ایک نیا اقدام متعارف کرا دیا گیا ہے، جسے ’نطاقات المط‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سعودی شہریوں کے لیے تین لاکھ 40 ہزار سے زیادہ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزارتِ افرادی قوت نے اس منصوبے کا آغاز 2026 میں کیا ہے، جو آئندہ تین برس تک نافذ العمل رہے گا۔ اس دوران سعودی شہریوں کو مرحلہ وار بنیادوں پر نجی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر افرادی قوت احمد الراجحی نے بتایا کہ پروگرام شروع کرنے سے قبل تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ تجربات سے سیکھتے ہوئے اس منصوبے کو مقامی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نطاقات پروگرام سعودی وژن 2030 کے اہم اہداف میں شامل ہے، جس کا آغاز 2021 میں کیا گیا تھا۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران اس پروگرام کے ذریعے 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد سعودی شہریوں کو ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں۔نیا ’نطاقات المط‘ پروگرام نجی شعبے میں سعودائزیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور مقامی شہریوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔















































