اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان میں سونے کی قیمت نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں فی تولہ سونا 6 ہزار 500 روپے کے اضافے کے بعد 5 لاکھ 20 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی اور ملکی مارکیٹوں میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ مقامی صرافہ بازار میں سونا فی تولہ 6 ہزار 500 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 21 ہزار 162 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 5 ہزار 573 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 4 لاکھ 46 ہزار 812 روپے ہو گئی۔
عالمی سطح پر بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونا 65 ڈالر اضافے کے ساتھ 4 ہزار 988 ڈالر تک جا پہنچا۔چاندی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی تولہ چاندی 526 روپے مہنگی ہو کر 10 ہزار 801 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔















































