سرگودھا، لاہور (صباح نیوز، اے پی پی )ن لیگ کی عبرتناک شکست کے بعد سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان آمد کا فیصلہ موخر کردیا ہے ۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی کواداروں کے سربراہوں کی تضحیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی اس طرح اداروں کو بلیک میل کر کے دھونس دھاندلی سے اپنی بات منوانا چاہتے ہیں، ایسا ہر گز نہیں ہوگا، عمران خان کو اداروں کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عمران نیازی ضمنی الیکشن جیت کر بھی دھاندلی کے الزامات عائد کر رہا ہے جس کا مقصد صرف الیکشن کمیشن پر دبائو ڈالنا ہے، ضمنی انتخابات صاف اور شفاف تھے، کوئی ان پر انگلی نہیں اٹھا سکتا، آئندہ بھی الیکشن صاف و شفاف ہوں گے، عمران نیازی نے اپنے دور میں دھاندلی کے ریکارڈ بنائے،آج تک یہی ہوتا رہا ہے کہ جو الیکشن ہارتا ہے وہ الزام عائد کرتا ہے لیکن ہم نے روایت بدل ڈالی، ا لیکشن میں شکست کے باوجود ہم نے انتخابی نتائج پر اعتماد کا اظہار کیا، عمران نیازی نے چیف الیکشن کمشنر کی ذات کو اپنی گھٹیا سوچ کا نشانہ بنایا، مسلم لیگ (ن) عمران خان کی اس مہم جوئی کی بھرپور اور شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔