کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)3روز قبل گلگت میں کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی نمازجنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رانا خالد کے گھر کے 13 افراد 16 جون کو کراچی سے سینکڑوں میل دور ہنزہ گئے تھے۔
بائیس جون کی صبح انہوں نے ہنزہ سے کراچی واپسی کا سفر شروع کیا مگر ان کی کوسٹر ہنزہ سے کچھ ہی فاصلے پر جانے کے بعد سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جاگری۔گھر واپسی کے سفر کے آغاز میں ہی رانا خالد کے گھر کے 4 افراد کی زندگی کا سفر ہی تمام ہوگیا جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔رانا خالد نے اپنی شریک حیات ، 28 سالہ بیٹے فیصل خالد اور چھ سالہ پوتی عروہ اور پانچ سالہ پوتے عبداللہ کو لحد میں اتارا ہے جبکہ ان کے گھر آٹھ افراد اب بھی اسلام آباد کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔رانا خالد اور ان کے اہلخانہ اس المناک سانحے کے باوجود ہنزہ کے لوگوں کے بہت شکر گزار ہیں ۔ جن کی بروقت مدد کی وجہ سے ان کے گھر کے دیگر نو افراد کی جانیں بچ گئیں ۔ افسوسناک واقعے کے بعد ان کے گھر میں سوگ کا عالم ہے ، تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ۔