لی لنگوے(این این آئی)دنیا کے غریب ترین ممالک میں سے ایک ملاوی بجلی کی بندش کے بعد تاریکی میں ڈوب گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق افریقی ملک ملاوی کی قومی توانائی کمپنی نے ملک بھر میں ہونے والے بلیک آؤٹ پر معذرت کرتے ہوئے جلد از جلد سپلائی بحال کرنے کا وعدہ کیا۔ گزشتہ کئی ماہ سے ملاوی میں بجلی کی پیداوار میں کمی آ رہی ہے اور آٹھ آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔ جنوری کے دوران ملک بھر میں تین روز تک بجلی غائب رہی تھی۔ ملاوی کو بدعنوانی سے منسلک متعدد سیاسی اسکینڈلز کے ساتھ ساتھ بڑی معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ ورلڈ بینک کے مطابق اس کی 19 ملین آبادی میں سے 15 فیصد سے بھی کم کو بجلی تک رسائی حاصل ہے۔