اسلام آباد (آن لائن) پانی کا بحران سنگین ہوگیا ہے ارسا نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ چاروں صوبائی سیکرٹریز آبپاشی کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے ۔ خط میں ارسا نے لکھا ہے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت کم ہونے کے باعث برف پگھلنے کا عمل سست ہے۔ جس کی وجہ
سے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بتدریح کم ہورہا ہے۔ 15 سے 20 مئی تک دریاؤں میں پانی کا بہاؤ کم ہوکر 2 لاکھ 6 ہزار کیوسک سے کم ہوکر ایک لاکھ 62 ہزار کیوسک رہ گیا ہے ۔ تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ بھی بہت کم ہے۔ تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 3 لاکھ ایکڑ فٹ ہے۔ ارسا نے اپنے خط میں کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے 24 مئی تک شمالی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ بارشوں سے استور، سکردو اور گلگت میں درجہ حرارت مزید کم ہوگا۔ درجہ حرارت میں کمی سے پانی کے بہاؤ میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔ آئندہ دنوں میں پانی کا بحران مزید بڑھ سکتا ہے۔ تربیلا ڈیم آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں ڈیڈ لیول تک پہنچ سکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبوں کو پانی کے حصص میں کٹوتی ہوسکتی ہے۔ صوبے پانی کے استعمال میں احتیاط کریں۔ ارسا نے ہدایت کی ہے کہ پانی کو ضائع کیے بغیر استعمال کیا جائے ۔