اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک کے باقی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ ابھی تک پی ٹی آئی نے کسی قسم کی کوئی منی ٹریل پیش نہیں کی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے
ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں توقع تھی کہ تحریک انصاف کے فائنانشل ایکسپرٹ فارن فنڈنگ کے حوالے سے تفصیلات دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے جن 11 اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا آج کہا کہ یہ اکاؤنٹس پی ٹی آئی سیکریٹریٹ کی اجازت کے بغیر کھولے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ان اکاؤنٹس کو اسد قیصر سمیت کئی لوگ چلا رہے تھے، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے سامنے کھلا جھوٹ بولا ۔ اکبر ایس بابر نے کہاکہ 2012 میں ان اکاؤنٹس کو سیکریٹری پی ٹی آئی استعمال کررہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ ابھی تک انہوں نے کسی قسم کی کوئی منی ٹریل پیش نہیں کی، پی ٹی آئی وکیل اب بیرون ملک جا رہے ہیں کیس یکم جون تک ملتوی ہوگیا ہے۔ اکبر ایس بابر نے کہاکہ یہ کیس اسی طرح 8 سال سے طوالت کا شکار ہے، پھر اس کیس میں طوالت کا حربہ استعمال کیا گیا،اس کیس پر نوٹس کیوں نہیں لیتے۔