لاہور(این این آئی) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل)کا آٹھواں ایڈیشن آئندہ برس فروری اور مارچ میں سجنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوری 2023 میں نیوزی لینڈ اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کریگی جس کے بعد پاکستان سپر لیگ 8 کا میلہ سجے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 8 کے لیے ونڈو کی نشاندہی کر لی ہے جس کے مطابق پی ایس ایل 8 آئندہ برس 15 فروری سے 31 مارچ کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔پی ایس ایل 8 کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے کہا ہے کہ چیزیں غیر ملکی ٹیموں کے مطابق نہ ہوں تو وہ دورہ نہیں کریں گی۔غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہمیشہ دوسرے کرکٹ بورڈز کی سنتا آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنا یکطرفہ فیصلہ تھا۔رمیز راجا نے کہا کہ جب مغربی ٹیمیں ایشیا کا دورہ کرتی ہیں تو ایشیائی ٹیمیں گھبراہٹ کا شکار ہوتی ہیں۔