اسلام آباد، کراچی ( آن لائن ،ا ین این آئی)عمران خان کی جانب سے کراچی جلسے میں شرکت کے لیے پبلک کمپنی کا چارٹر طیارہ استعمال کرنے پر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ روز عمران خان کراچی جلسے میں شرکت کے لیے
چارٹر طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی پہنچے تھے جبکہ کراچی سے واپس بھی چارٹر طیارے کے ذریعے ہی گئے تھے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے پیچھے ایک طیارہ بھی نظر آ رہا ہے۔احسن اقبال نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اینگرو کی جانب سے انتہائی غیر پیشہ ورانہ رویہ دیکھنے میں آیا کہ ایک سیاسی جماعت کا لیڈر حکومت مخالف ریلی کے لیے ان کا طیارہ استعمال کر رہا ہے۔لیگی رہنما نے مزید لکھا کہ اس سے ہٹ کر کہ یہ طیارہ چارٹر تھا یا اسپانسرڈ، برائے مہربانی ایک عوامی کمپنی ہونے کی حیثیت سے اپنی حدود کو جانیں، یہ ذاتی جاگیر نہیں ہے ۔دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان کو کراچی لانے والا نجی کمپنی کا طیارہ کراچی پہنچ کر فنی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے بعد عمران خان متبادل طیارے سے اتوار کی صبح اسلام آباد پہنچے۔ سابق وزیراعظم عمران خان ہفتے کی شب ساڑھے 8 بجے پاکستانی بزنس گروپ اینگرو کی ملکیت APـPLE رجسٹریشن کے حامل طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچے تھے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی پہنچنے کے بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے مزار قائد سے متصل باغ جناح میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسے سے خطاب کیا جس کے اختتام کے بعد انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔