راولپنڈی، واشنگٹن (این این آئی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے برطانوی نشریاتی ادارے ”بی بی سی ”کی خبر کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندا قرار دیدیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ”بی بی سی ”اردو کی شائع ہونے والی خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق بی بی سی کی روایتی پروپیگنڈہ خبر میں کئی حقائق نظرانداز کئے گئے، خبر میں متعلقہ ضروری سورسز اور صحافتی اخلاقیات نظر انداز کی گئیں،خبر منظم پاکستان کیخلاف جاری ڈس انفارمیشن کا حصہ ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی حکام معاملہ بی بی سی سے اٹھایا جائیگا۔ بی بی سی ماضی میں بھی حقائق کے برعکس خبریں دے چکا ہے، ماضی میں متعدد خبروں پر عالمی سطح پر بی بی سی کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، برطانوی ٹیکس گزاروں کے پیسے سے چلنے والے بی بی سی کو بھاری جرمانے ادا کرنے پڑے، بی بی سی کی کئی خبریں بے بنیاد پروپیگنڈہ پر مبنی اور حقائق کے برعکس تھیں۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، پاکستان کی سیاسی جماعتیں آئین کی پاسداری کریں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔پاکستان کی سیاسی جماعتیں آئین کی پاسداری کریں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق توقع ہے کہ سیاسی جماعتیں گڈ گورننس اور جمہوری اقدار پر قائم رہیں گی۔واضح رہے کہ گزشتہ رات وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی، تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ آئے۔پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد کو وزیراعظم کیخلاف بیرونی سازش قرار دیا تھا