اسلام آبان (نیو ز ڈ یسک( امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ قطر پر حملے کا فیصلہ ان کی بجائے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کیا تھا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ قطر پر یکطرفہ فضائی کارروائی نہ تو امریکا اور نہ ہی اسرائیل کے مفادات کو آگے بڑھاتی ہے، اور اس حوالے سے امریکا نے کبھی کوئی حمایت نہیں کی۔ٹرمپ کے مطابق انہوں نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو ہدایت دی ہے کہ قطر کے ساتھ دفاعی تعاون کا معاہدہ جلد مکمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ قطر ایک آزاد ریاست ہونے کے ساتھ ساتھ امریکا کا قریبی اتحادی بھی ہے، جو خطے میں امن کے قیام کے لیے ہمارے ساتھ کوششیں کر رہا ہے۔ادھر وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکی حکومت نے دوحہ میں اسرائیلی حملے سے قبل قطر کو آگاہ کر دیا تھا، تاہم قطر نے اس دعوے کو یکسر مسترد کر دیا۔قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے وضاحت کی کہ قطر کو حملے کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں ملی، بلکہ امریکی حکام کی کال انہیں دھماکوں کے بعد موصول ہوئی تھی۔