لاہور( این این آئی )مسلم لیگ (ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ ایک شخص جو اب اپنے ہوش و حواس میں نہیں اسے تباہی پھیلانے اور پورے ملک کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، یہ کوئی مذاق نہیں ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے
ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ اپنے اعمال کے نتائج کا سامنا کرنے کے خوف نے پورے ملک کے کاروبار زندگی کو مکمل طور پر مفلوج و معطل کردیا ، 22 کروڑ عوام کا ملک کئی ہفتوں سے کسی حکومت کے بغیر ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کی اس طرح کھلم کھلا خلاف ورزی اور سپریم کورٹ کے احکامات کو اس طرح سے نظر انداز کرنے کا نتیجہ بہت بد صورت ہوگا اور اس کا انجام بہت برا ہوگا۔مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص جو اب اپنے ہوش و حواس میں نہیں ہے اسے تباہی پھیلانے اور پورے ملک کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، یہ کوئی مذاق نہیں ہے۔اس شخص کے ساتھ وزیر اعظم یا سابق وزیر اعظم کے طور پر سلوک نہیں کیا جانا چاہیے، اس کے ساتھ ایک نفسیاتی مریض کے ساتھ کیا جانے والا سلوک کیا جانا چاہیے جو صرف اپنی ذات کو بچانے کے لئے پورے ملک کو یرغمال بنائے ہوئے ہے، شرمندگی کی بات ہے۔