اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ اْنھیں امریکی سفارت خانے سے نہیں ایک اور سفارت خانے نے بلایا تھا۔ایک بیان میں شاندانہ گلزار نے کہا کہ انہیں سفارتخانے کی جانب سے بلائے جانے کا واقعہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی درخواست دائر ہونے کے کافی دن بعد پیش آیا۔
شاندانہ گلزار نے کہا کہ سفارت خانے کی جانب سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک سوالات پوچھے گئے تاہم انہیں ایسا کچھ نہیں کہا گیا کہ آپ خان صاحب کو چھوڑ کر پی ڈی ایم میں چلی جائیں، انھیں جس کام کیلئے بلایا گیا وہ بات نہیں کی گئی، بہت بعد میں سمجھ میں آئی کہ یہ کیا گیم چل رہا ہے۔دوسری جانب ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہاہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی آئی ایس پی آر سمیت تمام ریاستی اداروں نے توثیق کی،سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے،یہ لوگ بیرونی آقاؤں کے ساتھ مل کر عمران خان کی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ میں نے کوئی آئین نہیں توڑا بلکہ ایک محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا اور پوری قوم نے میرے فیصلے کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ غیر ملکی ایجنڈے کے تحت حکومتیں بدلیں تو ایک محب وطن پاکستانی کیا قدم اٹھائے۔
قاسم خان سوری نے کہاکہ جنہوں نے مارشل لاء لگایا انہوں نے غلط کیا لیکن ہماری جمہوری حکومت ہے، عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو پتا ہے کہ سازش ہو رہی ہے، حکومت نے کمیشن بنایا ہے، بیرونی آقاؤں کی غلامی کرتے ہوئے حکومت بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں نے پاکستان کی خاطر رولنگ دی۔
ساری زندگی اس پر فخر کروں گا۔قاسم سوری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے جو فیصلے دئیے آئی ایس پی آر سمیت تمام ریاستی اداروں نے اس کی توثیق کی۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت آرٹیکل 5 اور میری رولنگ کی طرف گئی ہی نہیں، سپریم کورٹ کے ججز بھی محب وطن ہیں اگر خط دیکھتے تو وہ بھی یہ ہی فیصلہ کرتے۔