اسلام آباد (نیوز ڈ یسک )بھارتی اداکارہ رینوکا شاہانے نے فلم انڈسٹری میں ہونے والے جنسی استحصال کے ایک واقعے کا انکشاف کر کے سب کو حیران کر دیا۔زوم ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رینوکا شاہانے نے بتایا کہ ایک بار ایک ساڑھی کاروباری شخص ان کے گھر آیا اور انہیں ایک غیر متوقع پیشکش کی۔ اس شخص نے نہ صرف انہیں اپنی برانڈ کی تشہیر کے لیے کہا بلکہ یہ شرط بھی رکھی کہ معاوضے کے عوض انہیں ایک پروڈیوسر کے ساتھ وقت گزارنا ہوگا۔
رینوکا کے مطابق وہ اور ان کی والدہ اس تجویز پر سخت حیران رہ گئیں، جس کے بعد انہوں نے فوراً یہ پیشکش مسترد کر دی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حالات میں خود کو محفوظ رکھنا آسان نہیں ہوتا، کیونکہ انکار کی صورت میں فنکار کو پروجیکٹ سے نکال دیا جاتا ہے یا معاوضہ روک لیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے لوگ بدلہ لینے کے لیے دوسروں کو بھی ہدایت دیتے ہیں کہ متعلقہ اداکارہ کو کسی نئے منصوبے میں شامل نہ کیا جائے۔رینوکا شاہانے نے مزید بتایا کہ یہ مسئلہ صرف ان کے ساتھ نہیں بلکہ کئی مشہور اداکارائیں بھی اس صورتحال سے گزری ہیں۔ مثال کے طور پر روینہ ٹنڈن کو کئی مواقع پر فلم شوٹنگ کے دوران اپنا کمرہ تبدیل کرنا پڑتا تھا تاکہ کوئی ان کے قریب نہ آسکے یا انہیں ہراساں نہ کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس شخص کی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتیں، مگر یہ واقعہ اس حقیقت کو ظاہر کرتا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں خواتین اداکاراؤں کو اکثر غیر اخلاقی دباؤ اور استحصال کے خطرے کا سامنا رہتا ہے۔















































