تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی یامینا پارٹی کی ایک اہم رکن نے مخلوط حکومت کی حمایت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
ان کے اس اچانک اور حیرت انگیز اقدام کے نتیجے میں نفتالی بینیٹ پارلیمان میں اکثریت کھوبیٹھے ہیں۔ادیت سلمان کے اعلان کے بعد حکمران اتحاد کی 120 ارکان پرمشتمل پارلیمان میں 60 نشستیں رہ گئی ہیں۔ سابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے زیرقیادت حزب اختلاف کی نشستیں بھی اتنی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذہبی قدامت پسند ادیت سلمان نے ایک بیان میں کہا کہ میں نے اتحاد کا راستہ آزمایا۔میں نے اس اتحاد کے لیے بہت کام کیا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ میں اسرائیل کی یہودی شناخت کو نقصان پہنچانے میں حصہ نہیں لے سکتی۔وہ حکمران اتحاد کی چیئرپرسن کے طور پربھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔