تیمر گرہ ٗ اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ٗآئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نےلوئر دیر کی تحصیل تیمر گرہ میں جلسہ عام سے خطاب میں بڑا دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 31 مارچ کو بے روزگار ہو رہے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے احتساب کا وعدہ کیا آج وہ خود قابلِ
احتساب بن گئے ہیں۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ” ان کے لوگوں نے مافیاز سے بڑھ کر کرپشن کی، چند روز عمران خان کا بھی نعرہ ہوگا ’مجھے کیوں نکلا‘۔ اسلام آباد تماشہ اور میلہ عوام کے لیے نہیں لگایا جارہا ، عمران خان کی کارکردگی ہوتی تو وہ پارلیمنٹ میں آکر بتاتے، انہوں نےعوام کے4 سال ضائع کیے۔دوسری جانب بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے تیمر گرہ لوئر دیر میں 27مارچ کو جلسہ عام میں شرکت اور خطاب کرنے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر دیر کی جانب سے 29مارچ کو وضاحت کے لئے نوٹس جاری کر دیا گیا۔ نوٹس انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جاری کیا گیا ہے ،جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جلسہ جلوس اور ریلیاں نکالنے کی اجازت نہیں ہے۔