لاہور( این این آئی)حکومت اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان رمضان بازاروں میں چینی کی قیمت فروخت کے حوالے سے ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ،رمضان بازاروں میں چینی عام مارکیٹ سے 9روپے فی کلو سستی ملے گی ۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان رمضان المبارک میں عوام کو عام مارکیٹ سے کم قیمت پر چینی کی فراہمی کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں ۔ شوگر ملز رمضان بازاروں میں 20ہزار میٹرک ٹن چینی فراہم کریں گی ۔ عام بازار میں چینی کی قیمت89روپے فی کلو جبکہ رمضان بازاروں میں9روپے کمی سے 80روپے فی کلو فراہم کی جائے گی۔ شوگر ملز رمضان بازاروں میں چینی75روپے فی کلو فراہم کریں گی ،5روپے منافع سے چینی فراہم کرنے کے اخراجات پورے کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں حکومت نے رمضان بازاروں میں سستی چینی کی فراہمی کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کر دی ہے ، ڈپٹی کمشنرز چینی کی کی فروخت اور فنڈز کی فراہمی کے ذمہ دار ہوں گے۔محکمہ انڈسٹریز نے اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔