اسلام آباد(آئی ا ین پی ) جسٹس قاضی فائز عیسی نے صدارتی ریفرنس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ کی تشکیل پر تحفظات کا اظہار کردیا تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کو خط لکھ کر بینچ کی تشکیل پر سوالات اٹھا دیے۔انہوں نے کہا کہ صدارتی ریفرنس پر پوری قوم کی نظریں ہیں، اتنے اہم کیس کے لیے بینچ کی تشکیل سے پہلے کسی سینئر جج سے مشاورت نہیں کی گئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ لارجر بینچ میں سینئر ججوں کو شامل نہیں کیا گیا اور تشکیل سے پہلے قواعد و ضوابط پر عمل نہیں کیا گیا، بینچ میں سینئیرٹی پرچوتھے ، آٹھویں اور 13 ویں نمبر پر شامل ججوں کو شامل کیا گیا، حالانکہ جہاں اہم قانونی اور آئینی سوالات ہوں وہاں سینئر ججوں کا بینچ میں شامل ہونا چاہیے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے خط کی نقول اٹارنی جنرل، صدر سپریم کورٹ بار، سپریم کورٹ ججز اور تمام صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی بھیجی ہیں۔