اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)فیصل آباد کی مقامی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل کو پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے خلاف نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر 29 مارچ کو طلب کرلیا۔نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قمر الزمان کی عدالت میں مقامی وکیل محمد عثمان ملک ایڈووکیٹ کی طرف سے دفعہ 22 اے اور 22 بی کے تحت رٹ پٹیشن دائر کی گئی۔پٹیشن میں شہباز گل پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے ٹی وی پروگرام کے دوران رمیش کمار کو متعدد مرتبہ غلیظ گالیاں دی۔عدالت نے شہباز گل، ٹی وی اینکر ، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کو 29 مارچ کو طلبی کے نوٹس جاری کردیے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز گِل نے نجی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر اپنی جماعت کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو گالی دی تھی۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان غیرت مند قوم کا دلیر و بہادر لیڈر ہے جسے ایبسولیوٹلی ناٹ کہنے اور اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے پرحکومت سے نکالنے کی سازش کی جارہی ہے ، ہمیں اپنے کئے پر کوئی خوف یا شرمندگی نہیں ،سو گیدڑ مل کر بھی بہادر شیر کا شکار نہیں کرسکتے۔وہ اتوار کی شام آرٹس کونسل اقبال سٹیڈیم فیصل آباد سے پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ فیصل آباد کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی کے شرکاو میڈیا سے ضلع کونسل چوک پہنچنے پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئرمین فیض اللہ کموکا ، شیخ خرم شہزاد ایم این اے، صوبائی وزیر کالونیز و ثقافت میاں خیال احمد کاسترو، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر چیئرمین ایف ڈی اے و سٹی صدر پی ٹی آئی،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے بھائی میاں نبیل ارشد، شکیل شاہد پارلیمانی سیکرٹری لیبر پنجاب ، میاں وارث عزیز ایم پی اے و چیئرمین پی ایچ اے،سٹی جنرل سیکرٹری تحریک انصاف حسن نیازی، امیدوار لارڈ میئر رانا زاہد محمود،پی ٹی آئی، انصاف یوتھ ونگ کے عہدیداران اور کارکنان سمیت سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک تھے۔ ریلی کے شرکا نے بڑی تعداد میں بینرز،
فلیکس، پلے کارڈز، پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر منحرف و باغی پی ٹی آئی ارکان اسمبلی فیصل آباد راجہ ریاض احمد اور نواب شیر وسیر کے خلاف نعرے درج تھے ۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عمران خان ملک و قوم کے مفاد کی جدوجہد کررہے ہیں جنہوں نے اغیار کے تلوے چاٹنے والے ماضی کے حکمرانوں کے برعکس ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دی اور ملکی مفاد کی خاطر عوام کیلئے بہترین فیصلہ کرتے ہوئے
انہیں آزاد خارجہ پالیسی کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف تاریخی مقدمہ جیتالہذاعمران خان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کیلئے عظیم رہنما ہیں یہی وجہ ہے کہ پچاس سے زائد اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ او آئی سی کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں جو ان پر عالم اسلام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان
غریب اور پسے ہوئے طبقے کی فلاح کیلئے کوشاں اورایک خوددارو نڈر لیڈر ہونے سمیت اس ملک کے غریب کے حقوق کے محافظ ہیں اسی لئے پوری قوم اپنے محبوب لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ قوم بھوکی مرجائے گی لیکن غیرت پر سودا نہیں کرے گی اسی لئے وہ بھی ڈٹ کر کھڑے ہو گئے اور کھڑے ہیں نیز ان کی حکومت رہے یا نہ رہے وہ پاکستان اور قوم کی غیرت کا سودا کریں گے اور نہ ہی کسی کو کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا
جرم یہ ہے کہ انہوں نے اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد منظور کرائی اور وہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے سیاست میں آئے۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ شہباز شریف کی طرف سے کہا گیا کہ عمران خان کو یورپی یونین کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے تھی پھر کہا گیا کہ ان کو امریکہ کو ایبسولیوٹلی ناٹ نہیں کہنا چاہیے تھا تو کیا وہ ملک پر ماضی کی طرح ڈرون حملے جاری رہنے دیتے، اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیؐ جن پر ہم اور ہماری آل اولاد قربان، ان کی شان میں گستاخی برداشت کرتے رہتے،
ملک کو اغیار کی جنگ میں جھونک دیتے جس میں پہلے ہی ہماری اسی ہزار شہادتیں اور سو ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارا مذہب اسلام اور ہمارا ایمان اور ہمارا ضمیر ہمیں اس کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض اور نواب شیر وسیر جیسے لوگوں نے عمران خان کے قدموں میں بیٹھ کر پی ٹی آئی کے ٹکٹ لئے اور اب وہ ضمیر فروشی کر کے نہ صرف خود کو بیچ رہے ہیں بلکہ ان لاکھوں ووٹرز کی توہین کر رہے ہیں جنہوں نے انہیں عمران خان کے نام پر ووٹ دیئے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام ان کا وہ سیاسی حشر کریں گے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض کے حلقے سے پی ٹی آئی آئندہ جس کو بھی ٹکٹ دے اس کی انتخابی مہم وہ خود چلائیں گے اور راجہ ریاض کو بتائیں گے کہ لیڈر سے غداری کیسے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیرون ملک اثاثے، جعلی بینک اکانٹ، کاروبار،فیکٹریاں نہیں جو انہیں بیرونی طاقتوں کا کوئی ڈر ہو ان کا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے جن کیلئے وہ اقتدار تو قربان کردیں گے مگر نہ کسی کو این آر او دیں گے، نہ لوٹوں سے بلیک میل ہوں گے اور نہ ان کے آگے سر تسلیم خم کریں گے۔















































