کیف (آن لائن) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اپنے ملک پر نو فلائی زون کے اطلاق کو بار بار مسترد کرنے پر مغربی رہنماؤں کی مذمت کی ہے۔غیر ملکی خبر برسا ں ادارے کے مطابق دارالحکومت کیف سے ٹیلی ویژن پر یوکرینی عوام سے خطاب کرتے ہوئے صدر زیلنسکی
نے کہا کہ یہ جانتے ہوئے کہ نئے حملے اور ہلاکتیں ناگزیر ہیں، نیٹو نے جان بوجھ کر یوکرین پر نو فلائی زون کا اطلاق نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو نے نو فلائی زون کا اطلاق نہ کرکے یوکرین کے شہروں اور دیہاتوں پر مزید بمباری کے لیے روس کو گرین سگنل دیا ہے۔صدر زیلنسکی نے یوکرینی عوام سے خطاب میں نیٹو رہنماؤں کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ اْن لوگوں کا خیال ہے جو اندر سے کمزور ہیں اور خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں، اس حقیقت کے باوجود کہ ان کے پاس ہم سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہتھیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج نیٹو کا سربراہ اجلاس منعقد ہوا جو ایک کمزور اور الجھنوں سے بھرا سربراہ اجلاس تھا۔ ایک ایسا سربراہی اجلاس جو ظاہر کرتا ہے کہ یورپ کی آزادی کی لڑائی ہر کسی کے لیے پہلا مقصد نہیں ہے۔ آج سے جتنے لوگ مریں گے وہ آپ کی وجہ سے مریں گے۔ انہوں نے یوکرین جنگ کے خلاف یورپ میں ہونے والے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر یوکرین نہ بچا تو یورپ بھی نہیں بچ پائے گا۔