کابل(این این آئی)قطر میں طالبان اسلامی امارت حکومت کے دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے امریکا کی جانب سے افغانستان کے منجمد فنڈزکو نائن الیون حملوں کے
متاثرہ لوگوں میں تقسیم کرنے امریکی فیصلے کو ”چوری“قرار دیا ہے۔ ترجمان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ منجمد پیسوں کو اپنی مرضی سے خرچ کرنا کسی بھی ملک اور قوم کا سب سے نیچے سطح کی انسانی اور اخلاقی پستی ثابت کرتا ہے۔ ڈاکٹر نعیم کے مطابق شکست اور کامیابی انسانی تاریخ اور زندگی میں ایک معمول ہے لیکن سب سے بڑی اور شرمناک شکست یہ ہے کہ فوجی او اخلاقی شکست کا سامنا ہو۔طالبان کا رد عمل ان امریکی میڈیا رپورٹس کے بعد آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن بہت جلد افغانستان کے منجمد تقریبا ًدس ارب ڈالرز میں سات ارب سے زیادہ نیویارک اور واشنگٹن میں حملوں سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم سے متعلق باظابطہ اعلان کرنے والے ہیں۔