کراچی(این این آئی)کراچی کا عسکری پارک کے ایم سی کے حوالے کرکے عوام کا داخلہ مفت کردیا گیا۔سپریم کورٹ کے حکم پر پرانی سبزی منڈی پر قائم 17 ایکڑ پرمحیط عسکری پارک کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی)کے سپرد کردیا گیا ہے۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے17 ایکڑ
پرمحیط عسکری پارک واپس کے ایم سی کو دینے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ کے ایم سی پارک بحال کرکے شہریوں کے لیے کھولیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے کی روشنی میں 14 جنوری کو ڈی جی پارکس کے ایم سی نے عسکری پارک انتظامیہ کو ایک خط لکھا جس میں عدالتی حکم کے مطابق عسکری پارک تحویل میں لینے کا کہا گیا۔دوسری جانب ڈی جی پارکس نے کہا کہ عسکری پارک کا نام تبدیل کرکے کے ایم سی امیوزمنٹ پارک رکھ دیا گیا ہے اور کے ایم سی امیوزمنٹ پارک میں عوام کا داخلہ مفت کردیا گیا ہے جب کہ پارک میں قائم شادی ہال سابقہ انتظامیہ نے ختم کرکے تحویل میں دے دیا ہے۔واضح رہے سپریم کورٹ نے عسکری پارک سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ عسکری پارک کا فوج سے کوئی تعلق نہیں اور پارک کے ایم سی کی ملکیت ہے، اسے واپس کیا جائے۔عسکری پارک میں کمرشل سرگرمیوں اورشادی ہال بنانے کے معاملے پرعدالتِ عظمی نے کہا تھا کہ پارک کی مکمل دیکھ بھال کی جائے اور کوئی داخلہ فیس نہ رکھی جائے جب کہ پارک کی حدود میں قائم شادی ہال اور دکانیں بھی مسمار کی جائیں۔