اسلام آباد(آن لائن)وفاقی دارالحکومت میں اومی کرون کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر نزلہ،زکام اور بخار کی دوائیاں ناپید ہوگئی ہیں جبکہ ذہنی آرام اور دل کی دھڑکن کو کنٹرول کرنے والی ادویات بھی مارکیٹ سے غائب ہوگئی ہیں۔شہر کے مختلف نجی سٹوروں میں اس وقت پیناڈول کی تمام اقسام جو کہ
بخار میں کارآمد ہے مارکیٹ سے غائب ہوچکی ہیں جبکہ آرنیکا فورٹ جو کہ نزلہ،زکام میں کارآمد ثابت ہوتی ہے بھی ناپید ہے۔بروفین ٹیبلٹ سمیت20قسم کی مختلف ادویات اور انجکشن مارکیٹ سے غائب ہیں جن میں انڈرال،لیگی ٹرال،لیپی ٹرال،پیشاب کو کنٹرول کرنے والی ڈیٹارسی گولیاں ذہنی سکون ایلپ گولی انجکشن اینٹی بائیوٹک مہنم،انجکشن،ہیپارین وغیرہ کی ادویات شہر بھر میں ناپید ہوگئی جس کیلئے غریب مریض نجی میڈیکل سٹوروں میں ذلیل وخوار ہورہے ہیں۔دوسری جانب ڈی ایچ او اسلام آباد اوروزارت صحت سمیت ڈریپ نے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے اور اس حوالے سے کوئی ہنگامی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے تاہم دوائیوں کے سپلائر کے ذرائع نے بتایا کہ تمام دوائیاں وافر مقدار میں کمپنیوں کے پاس موجود ہیں اور ہول سیل ڈیلر نے جان بوجھ کر مارکیٹ میں سپلائی روک دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ منافع کمایا جاسکے۔اس حوالے سے جب ڈی ایچ او ڈریپ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے جواب دینے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ اس وقت پنجاب اور کے پی کے میں بھی یہی صورتحال ہے اور یہ دوائیاں وہاں پر بھی غائب ہوچکی ہیں جس کے باعث اگر کہیں موجود ہیں تو 30سے40فیصد مہنگی قیمت پر فروخت کی جارہی ہیں۔