اسلام آباد ( آن لائن ) وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موخر کردی ۔آئندہ 15روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی ۔ وزیراعظم کے معائون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی
ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے پٹرول 11 روپے، ڈیزل 14 روپے فی لیٹر بڑھانے کی سمری کو منظور نہیں کیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اسوقت کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، حکومت اس بڑھتی قیمت کا بوجھ اپنے اوپر لے گی اور عوام کو اس سے بچانے کی کوشش کرے گی۔ شہباز گل نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن پاکستانی عوام کو اس مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس لئے وزیراعظم نے اس سمری کو ڈیفر کردیا۔ دریں اثناء وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پٹرول 11 روپے، ڈیزل 14 روپے بڑھانے کی سمری کو عوامی مفاد میں مسترد کردیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن پاکستانی عوام کو اس مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس لئے وزیراعظم نے اس سمری کو موخر کردیا۔