اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)ٹرک ڈرائیوروں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اپنے خاندان کے ہمراہ خفیہ مقام پر منتقل ہو گئے ہیں۔دی ویک اور برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ
اور کینیڈا کے درمیان چلنے والے ٹرک ڈرائیوروں کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ویکیسن لازمی قرار دی گئی ہے تو ڈرائیوروں نے اس کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام و فوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اسلامو فوبیا کی مذمت کا خیرمقدم کرتا ہوں، اور ان کے اس اقدام کو سراہتا ہوں جو انہوں نے اسلامو فوبیا جیسی لعنت سے نمٹنے کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کا بر وقت اقدام میرے اس مطالبے کی تائید ہے جو میں مسلسل دہرا رہا ہوں، اسلام و فوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ ایک بیان میں کینڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبیا ناقابلِ قبول ہے، ہمیں اس نفرت کو ختم کرنے اور کینیڈا میں مسلمانوں کے لیے اپنی کمیونٹیز کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو ہمیں اسلامو فوبیا سے نمٹنے میں مدد دے گا۔