لاہور(این این آئی )پنجاب بھر میں محکمہ ایکسائز پنجاب نے بائیومیٹرک ویری فیکیشن سسٹم کا آغاز کردیا،بائیومیٹرک ویری فیکیشن سسٹم کا باقاعدہ افتتاح وزیر ایکسائز 13 جنوری کو کریں گے۔ صوبائی وزیر ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن و
نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد کاکہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز کو جدت کی راہ پر منتقل کردیا ہے،بائیومیٹرک سسٹم سے صارفین کو بڑے پیمانے پر ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ایکسائز دفاتر اور نادرا کے 4 ہزار ای سہولت مراکز پر بائیومیٹرک کی سہولت دستیاب ہوگی،اب گاڑیوں کی ٹرانسفر ,رجسٹریشن بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ہوگی۔حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ بائیومیٹرک سسٹم سے ریونیو میں اضافہ ہوگا،اوپن لیٹر پر گاڑیاں کئی جگہ پر سیل ہوتی رہتی تھیں مگر ٹرانسفر نہیں ہوتی تھیں، اس سے محکمہ ایکسائز کو ریونیو کے حوالے سے کافی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا، اب صرف ایک120 روپے کی رقم ادا کرکے شہری اپنی گاڑی بائیو میٹرک طریقے سے ٹرانسفر کرا سکتے ہیں۔