اسلام آباد(این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شادی کی تقریب میں شریک ایک ہی خاندان کے 15 افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ شہر میں اومی کرون سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 66 تک پہنچ گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں اومی کرون وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔
اومی کرون وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ کے پیشِ نظر ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیاء نے باضابطہ ایڈوائزری جاری کردی۔ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد میں شادی کی تقریب میں شریک ایک ہی گھر کے 15 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی، شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد اومی کرون کا شکار ہوئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 66 ہوگئی۔ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں اومی کرون کا پہلا کیس 25 دسمبر کو سامنے آیا تھا جبکہ گذشتہ روز تک اسلام آباد میں اومی کرون سے متاثرہ مریضوں کی تعداد محض 32 تھی۔ڈاکٹر زعیم ضیاء کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ شہری نئے سال کی تقریبات میں غیر ضروری شرکت سے گریز کریں، اومی کرون وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، نئے سال کی آمد پر غیر ضروری سفر اور ایس او پیز کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں، شہری رش والے مقامات، شادی بیاہ، شاپنگ مالز، مارکیٹ جانے سے گریز کریں، ویکسین شدہ افراد ہی فیملیز کے ساتھ باہر جائیں، ماسک و سینیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ اومی کرون وائرس سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ ویکسی نیشن ہے، شہری خود کو اور اپنے پیاروں کو ویکسین ضرور لگوائے۔