لاہور (آن لائن ) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے اپنی جماعت کے اہم رکن کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی پاکستانی کی تضحیک سے
گریز کرنا چاہیے۔احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ میں اْس ٹوئٹ کو مسلم لیگ ن کی طرف سے ڈس اون کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسی زبان کا استعمال کہ جس سے پاکستان کے کسی لسانی، نسلی یا مذہبی طبقے یا گروہ کی کسی بھی لحاظ سے تضحیک کا پہلو نکلتا ہو، اس سے پرہیز کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما عابد شیر علی نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی شکست پر وہاں کے عوام سے متعلق ایک نازیبا جملہ کہا تھا۔بعد ازاں احسن اقبال کی جانب سے مذمت کے بعد انہوں نے وہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا، عابد شیرعلی نے کہا کہ میں کسی بھائی کی دل آزاری کرنا نہیں چاہتا تھا خاص طور پر اپنے پختون بھائیوں کی۔انہوں نے کہا کہ اس لیے میں وہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کررہا ہوں، میرا مطمع نظر عمران خان انتظامیہ پر تنقید ہے کسی بھی طبقے کی دل آزاری نہیں۔