لاہور( این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ صحافی نے آڈیو کلپ کی جو فرانزک کرائی پوچھیں اس کا پیسہ کہاں سے ادا ہوا، جو
فرانزک کرائی گئی اس کا پیسہ لندن سے ہی گیا ہوگا،سازش کرکے باقاعدہ عدلیہ پر حملہ کیا گیا اور متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی، جو ساری سازش کا حصہ بنا اسے سامنے آکر معافی مانگنی چاہیے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بھی جھوٹی خبریں چھاپتے ہیں انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا، آڈیو کلپ درست ہوتی تو اسے عدالت میں پیش کیا جاتا، آڈیو کلپ کو پہلے میڈیا کی زینت بنایا گیا اور عدلیہ کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دبائو ڈال کر کمیشن، انکوائری بنانا چاہتے تھے تاکہ معاملہ طول پکڑے کیس میں تاخیر ہو اور یہ فائدہ اٹھالیں۔آڈیو کلپ انہوں نے خود بنائی تھی اسی لیے عدالت نہیں لے کر گئے، چیلنج کررہا ہوں یہ آڈیو کلپ کبھی عدالت میں پیش نہیں کریں گے۔