بیجنگ (این این آئی)چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی نے تاریخی قرارداد منظور کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ کا رتبہ ماوزئے تنگ اور ڈینگ زیاوپنگ کے برابر قرار دیدیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کی
یہ اپنی نوعیت کی تیسری قرارداد ہے جس سے صدر شی کا رتبہ ماوزے تنگ اور ڈینگ زیاؤپنگ کے برابر ہوگیا اور ان کی اقتدار پر گرفت ہمیشہ کے لیے مضبوط ہو گئی ہے۔اس طویل ترین دستاویز میں پارٹی کی تاریخ کے درست نقطہ نظر کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ اس میں چینی سماج اور اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صدر کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر چلیں۔قرار داد میں کہا گیا کہ شی جن پنگ کی آئیڈیالوجی چینی ثقافت اور روح کا نچوڑ ہے۔قرارداد کے مطابق چینی قوم میں ایک نئی روح اور جوش پیدا کرنے کے تاریخی عمل کو فروغ دینے کے حوالے سے حکمراں جماعت کے قلب میں شی پنگ کی موجودگی فیصلہ کن اہمیت کا حامل ہے۔پارٹی کی اعلی ترین فیصلہ ساز سنٹرل کمیٹی نے پوری جماعت، پوری فوج اور تمام نسلی گروپوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شی جن پنگ کی قیادت میں پارٹی سینٹرل کمیٹی کے ساتھ پوری طرح متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔