راولپنڈی(آن لائن) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے
شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں تربت کے علاقے ہوشاپ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی اطلاعات ملی تھی، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں لانس نائیک لیاقت اقبال ساکن ضلع صوابی اور سپاہی رمضان ساکن ضلع سرگودھا شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں دہشت گردوں کی جانب سے عام شہریوں کے زیر استعمال راستے میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی صفائی کے آپریشن کے دوران دھماکے میں سپاہی انعام اللہ ساکن ضلع لکی مروت جام شہادت نوش کرگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہے، بلوچستان میں امن و استحکام اور ترقی کا عمل متاثر ہونے نہیں دیں گے۔