کابل(این این آئی)کابل کے ملٹری ہسپتال میں داعش کے ایک حملے کے نتیجے میں طالبان کا ایک اہم کمانڈر مارا گیا ہے۔ اگست میں طالبان کی عمل داری کے بعد اس وسطی ایشیائی
ملک میں کسی دہشت گردانہ حملے میں کسی اہم طالبان کمانڈر کی یہ پہلی ہلاکت ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کابل میں طالبان نے بدھ کے دن بتایا کہ حقانی نیٹ ورک سے وابستہ کابل کے کور کمانڈر حمد اللہ مخلص داد سردار خان ہسپتال پر حملے کی اطلاع کے بعد فوری طور پر وہاں پہنچے اور داعش کے جنگجوئوں کو پسپا کرنے کے آپریشن میں آگے آگے تھے۔ تاہم وہ اس پر تشدد کارروائی میں مارے گئے۔طالبان کی بدری اسپیشل فورس کے رکن حمداللہ مخلص طالبان کے ایسے پہلے فوجی کمانڈر ہیں، جو افغانستان پر طالبان کی عمل داری کے بعد پرتشدد کارروائی میں ہلاک ہوئے۔ سخت گیر موقف کی حامل جنگجو تنظیم داعش خراسان طالبان کی حریف ہے جب کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجی مشن کے بعد اس نے طالبان پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔