کراچی(این این آئی)شارع فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کے تمام رہائشیوں نے اپارٹمنٹس خالی کردیے اور اپنا سامان دوسری جگہوں پر منتقل کردیا ہے۔سپریم کورٹ نے کراچی میں قائم نسلہ ٹاور کو ایک ہفتے میں گرانے کاحکم دے رکھا ہے، اور 15 منزلہ رہائشی عمارت نسلہ ٹاورخالی کرنے کی مہلت اتوارکو ختم ہوگئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ نسلہ ٹاور کے تمام 44 مالکان اور کرائے داروں نے فلیٹس خالی کردیئے ہیں، اور چند فلیٹس میں رہ جانے والے سامان کی منتقلی جاری ہے، تاہم تاحال رہائشیوں کو فلیٹس کی رقم واپس نہیں کی جاسکی۔دوسری جانب کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ 28 اکتوبر سے نسلہ ٹاور کا قبضہ ان کے پاس ہے جبکہ عمارت کو دھماکے سے گرانے کے لیے اشتہار بھی دے دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اگرنسلہ ٹاور کو گرانے کے لیے کوئی کمپنی نہ ملی تو عام طریقے سے عمارت کی توڑ پھوڑ شروع کردی جائے گی۔کمشنر کراچی نے نسلہ ٹاور گرانے کا ٹھیکہ دینے کے لیے 8 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔