ممبئی، اسلام آباد (این این آئی)معروف بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے ٹی 20ورلڈ کپ میں ہونے والے پاک بھارت میچ کے بارے میں کہا ہے کہ کھیل دونوں ملکوں کو قریب لاتے ہیں۔ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر آئی سی سی کے آفیشل انسٹا اکائونٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ شیئر کی جس میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک، عماد وسیم
اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی سے مسکرا کر باتیں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ پاکستان اور بھارت کی ایک خوبصورت اور سچی کہانی ۔ثانیہ مرزا نے لکھا کہ کھیل آپ کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں ، کبھی بھی تقسیم نہیں کرتے۔واضح رہے کہ اتوار کی شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ عالمی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغانستان ٹیم بڑی ٹیموں کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔شاہد آفریدی نے افغانستان کی ٹیم کی اسکاٹ لینڈ کیخلاف شاندار برتری پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں افغانستان کی کارکردگی شاندار رہی، اس ٹیم میں کچھ سنجیدہ میچ ونر، معیاری بلے باز اور عالمی معیار کے اسپنرز ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ سب سے بہترین پرفارمنس مجیب کی رہی، یہ ٹیم یقینا بڑی ٹیموں کیلئے متحدہ عرب امارات کے حالات میں کافی پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغان بیٹسمینوں کی دھواں دار بیٹنگ کے بعد اسپنر مجیب الرحمن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو یکطرفہ شکست سے دوچار کیا۔