اسلام آباد، دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)دبئی سٹیڈیم میں پاکستان کی بھارت کیخلاف شاندار فتح کے بعد پاک فوج کے جوانوں کی جشن منانے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جونہی پاک بھارت ٹاکرے کے دوران بابراعظم وننگ شاٹ کھیلتے ہیں تو میچ دیکھنے والے پاک فوج کے
جوان جوش خروش کے ساتھ بھنگڑے ڈالنے کے ساتھ ساتھ جیت کا جشن بھی منانا شروع کردیتے ہیں، ویڈیو کے وائرل ہونے پر مداح بھی اپنے اپنے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف تاریخی جیت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹیم کے ہوٹل پہنچنے پر مداح بھی ٹیم کے انتظار میں ہوٹل کے باہر کھڑے نظر آئے اور ٹیم کے گاڑی سے اترتے ہی کرکٹ کے متوالوں نے ٹیم کے حق میں نعرے لگائے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی ہاتھ بلند کرکے ٹیم کے نعروں کا جواب دیا۔دوسری جانب ہوٹل پہنچنے کے بعد پلیئرز نے کیک کاٹ کر ٹیم کی شاندار جیت کا جشن بھی منایا۔علاوہ ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو میچ جیتنے کی مبارکباد کی گئی ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ اپنی پوری کرکٹ ٹیم کو اس تاریخی فتح پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
دریں اثنا سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو دبئی میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف دس وکٹوں کی شاندار جیت پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس شاندار کارکردگی نے تمام پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے تمام آنے والے میچوں کے لیے ہماری نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں۔
Pakistan Army’s Soldiers celebrate the victory#PakvsInd pic.twitter.com/gyYgU86n61
— Asports (@asportstvpkk) October 25, 2021