لاہور، اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست پر پاکستانی شائقین کرکٹ خوشی سے نہال ہیں جس کا اظہار سوشل میڈیا پر بھی کیا جارہا ہے ۔ پاکستانی شائقین کرکٹ بھارتی ٹیم کی شکست پر دلچسپ
ممیز بنا کر شیئر کر رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا”آج پورے انڈیا کو سمجھ آگیا ہوگا پاکستان نے اپنے میزائلوں کے نام بابر اور شاہین کیوں رکھے ہیں ”دوسری جانب اپنی ٹیم کی پاکستانی ٹیم کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر بھارتی شائقین کرکٹ سوگ میں ہیں اور انہیں سانپ سونگھ گیا ہے ،عام دنوں میں ادھم مچانے والے بھارتی اتوار کی رات سے مکمل خاموش ہیں۔ دریں اثناقومی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف تاریخ ساز فتح کے بعد ‘پرفیکٹ’ سیلفی کے ہر جانب چرچے ہونے لگے۔پاکستان ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد ایک گروپ سیلفی لی، گرین شرٹس نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کی روایت کو توڑا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹوئٹر پر سیلفی شیئر کی اور اس کے کیپشن میں پرفیکٹ سیلفی لکھا۔بعد ازاں اس سیلفی کو مختلف تبصروں کے ساتھ شعیب ملک، محمد حفیظ، سرفراز احمد اور ماہرہ خان نے بھی شیئر کیا۔کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے اتوار کو بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے حریف سے پہلی بار فتح حاصل کی۔قومی کرکٹ ٹیم کی اوپننگ جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔