نیویارک (اے پی پی) چین کے وزیر ٹرانسپورٹ ڈائی ڈونگ چانگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر بھارتی اعتراضات اور خد شات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقتصادی تعاون کا منصوبہ ہے جس کا کسی تیسرے فریق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سی پیک کا بھارتی خود مختاری اور علاقائی سالمیت سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے ، چینی وزیر ڈائی ڈونگ چانگ نے یہ بات بھارتی مندوب کی جانب سے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار نقل وحمل کے موضوع پر ورچوئل بریفنگ میں اعتراضات کے جواب میں کہی، بھارتی مندوب نے پر ورچوئل بریفنگ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھارت کے علاقے سے گزرتا ہے۔بھارتی مندوب سنیہا دوبے نے بریفنگ کے دوران کہا کہ وہ سی پیک ، دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ پروجیکٹ میں شمولیت کو قبول نہیں کر سکتے۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کے علاقے سے گزرتا ہے۔چین کے اقوام متحدہ میں سفیر ژانگ جون نے اپنے تعارفی کلمات میں کہا تھاکہ صدر شی جن پنگ جنہوں نے سی او پی۔ 15 (پارٹیوں کی کانفرنس) کے سربراہ اجلاس اور کنمنگ میں پائیدار ٹرانسپورٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔انہوں نے عالمی ایجنڈے میں ترقی کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا تھا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے چین کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک دنیا کے سب سے بڑے ریل اور روڈ رابطے کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔