پشاور(مانیٹرنگ، این این آئی)ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں جمعہ سے اتوار تک آندھی کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ شمالی علاقوں میں طوفانی برفباری کا ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ
جمعہ کو ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث جمعہ کی رات سے اتوار تک لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی اور تیز بارش کے باعث فصلوں کی کٹائی والے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی، پشاور، وزیرستان میں بھی کل سے بارش کا امکان ہے۔جمعہ کی رات سے اتوار تک شمالی علاقہ جات گلگت بلتستان، کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ پشاوراور گرد و نواح میں بادلوں کا راج،تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالا ئی علاقوں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جمعہ کے روز بھی صوبے کے کئی اضلاع میں ہلکی بارش ہوئی ہے جس سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا، میدانی علاقوں میں ہلکی بوندہ باندی سے موسم میں تبدیلی آئی۔