لاہور( آن لائن) مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کی مثالیں دینے والے توشہ خانہ ہضم کرگئے۔جس کے کتے بھی اعلیٰ قسم کے گوشت پر پلتے ہوں، اسے ریاست مدینہ کا نام زبان پر لاتے ہوئے ہزار بار سوچنا چاہیے ۔
سوشل میڈیا پیغامات میں وزیر اعظم عمران خان پر ’ریاستِ مدینہ‘ بنانے کے حوالے سے بیانات دینے پر سخت تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس ملک میں عوام فاقوں سے مر رہے ہوں، والدین مہنگائی سے تنگ آ کر بچوں کو زہر پلا کر خود کشیاں کر رہے ہوں، اس ملک کا حکمران اْس ریاست مدینہ کی بات کر رہا ہے جسکا خلیفہ کندھوں پر بوریاں اٹھا کر غریبوں کے گھروں پر دستک دیتا تھا؟ کیا کوئی شخص ایسا بے حس، گونگا بہرا اور اندھا بھی ہو سکتا ہے؟ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ’ہیلی کاپٹر سے ایک دربار سے دوسرے دربار تک سرکاری خرچ پر سفر کرنے والے کو کیا خبر کہ پاکستانی عوام پر کیا قیامت گزر رہی ہے؟جس کیکتے بھی اعلیٰ قسم کے گوشت پر پلتے ہوں، اسے ریاست مدینہ کا نام زبان پر لاتے ہوئے ہزار بار سوچنا چاہیے لیکن اس سوچ کے لیے بھی دل میں درد ہونا چاہیے، بغض نہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ’کوئی اس جعلی اور خدا کے خوف سے عاری حکمران کو حضرت عمرِ فاروق کا قول یاد کرائے کہ دریا کے کنارے کوئی کتا بھی بھوکا رہ جائے تو جواب دہ عمر ہو گا! عمرِ فاروق رضی اللّہ تعالیٰ عنہ نے اپنے ایک کْرتے اور چادر تک کا حساب دیا اور آپ توشہ خانہ ہضم کر گئے؟ اور ڈھٹائی سے کہا نہیں دونگا جواب؟