لاہور( این این آئی)سینئراداکار اورنگزیب لغاری نے ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے پوری قوم حالت سوگ میںہے۔اپنے تعزیتی بیان میں اورنگزیب لغاری نے کہا کہ
ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے مستحق مریضوں کے لئے ڈاکٹراے کیو ہسپتال کے نام سے منصوبہ شروع کیا ،حکومت ڈاکٹرعبد القدیر کے ہسپتال کے ادھورے منصوبے کو مکمل کرکے اوراسے کامیابی سے چلا کر ان کے خواب کی تکمیل کرے اوریہی ان کی خدمات کا اعتراف بھی ہوگا۔سینئر اداکارجاوید شیخ نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کا انتقال پاکستان کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے بعددوسر ابڑاانقصان ہے ، یہ خداکی ذات کا معجزہ ہے کہ انتہائی قلیل عرصے میں وسائل نہ رکھنے والاملک ایٹمی طاقت بن گیا۔ غلام محی الدین ، افتخار ٹاکر ،حیدرسلطان اورجرار رضوی نے کہا کہ انتہائی افسرد گی سے یہ کہنا پڑتا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جو مقام ملنا چاہیے تھاوہ نہیں دیا گیا لیکن وہ حقیقی معنوںمیںقوم کے ہیرو ہیں اوران کی خدما ت کو کبھی فراموش نہیںکیا جا سکے گا۔نامورمیزبان ریاض خان نے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے جب انہوںنے اپنے ہسپتال کا منصوبہ شروع کیا تو مجھے گھر سے مدعوکیا۔جاوید رضا، ثنا،شاہدہ منی،روبی انعم،نادیہ علی، فرزانہ تھیم سمیت دیگر نے بھی ڈاکٹرعبد القدیر خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک و قوم کے لئے بڑا نقصان قرار دیا ہے ۔