اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کرتارپور کے نزدیک دریائے راوی کے حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے پانی گردوارے کے اندر داخل ہوگیا، جبکہ پانی کے تیز بہاؤ کے باعث نارووال–شکرگڑھ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں شکرگڑھ کے علاقے کوٹ نیناں سے دریائے راوی میں دو لاکھ پچاس ہزار کیوسک سے زائد کا ریلا گزر رہا ہے، جس کے سبب بھیکو چک کے قریب بند ٹوٹ گیا۔
اس کے نتیجے میں بھیکو چک، نوشہرہ، نوگزہ، کرتارپور مین شاہراہ، منڈی خیل اور بھجنہ سمیت متعدد علاقے زیر آب آگئے، جبکہ مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لیے معطل کردی گئی۔شدید بارشوں کے بعد دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کی آمد سات لاکھ انہتر ہزار اور اخراج سات لاکھ باسٹھ ہزار کیوسک ہے۔ خانکی میں پانی کا بہاؤ سات لاکھ پانچ ہزار کیوسک جبکہ دریائے راوی کے جسڑ مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ شاہدرہ میں پانی کا بہاؤ بہتر ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد اناسی ہزار اور اخراج سڑسٹھ ہزار کیوسک ہے، گنڈا سنگھ والا میں دو لاکھ پینتالیس ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، جبکہ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی مقدار ایک لاکھ کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔