بدھ‬‮ ، 06 اگست‬‮ 2025 

انٹرلاکن میں ایک دن

datetime 7  اگست‬‮  2025
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہم مورج سے ایک دن کے لیے انٹرلاکن چلے گئے‘ انٹرلاکن سوئٹزر لینڈ کی ’’مین اٹریکشن‘‘ ہے سوئس آنے والے ننانوے فیصد لوگ انٹر لاکن ضرور جاتے ہیں‘ یہ شہر تھن اور برنز (Brienz) دو جھیلوں کے درمیان واقع ہے اور اس مناسبت سے انٹر لاکن یعنی ’’دو جھیلوں کے درمیان‘‘ کہلاتا ہے‘ دونوں جھیلوں کو ایری (Aare) نام کا دریا آپس میں ملاتا ہے‘ دریا کا پانی تیز اور ٹھنڈا یخ ہوتا ہے‘ اس کی وجہ الپس کے پہاڑی گلیشیئرز ہیں‘ یہ دریا اور دونوں جھیلیں گلیشیئر سے کشید ہوتی ہیں‘ انٹر لاکن کی چاروں سائیڈز پر اونچے‘ سبز اور برف پوش پہاڑ ہیں‘ پہاڑی جھرنے اور آب شاریں بھی وادی میں اترتے رہتے ہیں اور یہ سب مل کرمنظر کو جاذب اور مسحور کن بنا دیتے ہیں‘ میں درجن سے زیادہ مرتبہ انٹر لاکن جا چکا ہوں‘ میرا خاندان بھی اس شہر کی فضا کو متعدد مرتبہ انجوائے کر چکا ہے لیکن اس کے باوجود ہمارا دل نہیں بھرا اور ہم نے پورا دن اس طلسماتی شہر میں گزارنے کا فیصلہ کیا۔

مورج سے انٹرلاکن کا فاصلہ اڑھائی گھنٹے تھا لیکن ہمیں راستے میں بلوزی (Blause) کا بورڈ نظرآیا اور ہم نے پارکنگ میں گاڑی روک لی‘ بلوزی رکنے کا آئیڈیا دانش نے دیا تھا‘ یہ فرنے والٹیئر کے راجپوت ریستوران کے مالک شہزاد صاحب کے کزن ہیں‘ لاہور کے رہنے والے ہیں‘ فرانس آئے اور یہاں بس گئے‘ شہزاد صاحب کے ریستوران میں کام کرتے ہیں‘ شہزاد صاحب کے والد1980ء کی دہائی میں فرانس آئے‘ فرنے میں ریستوران کھولا اور اربوں روپے کمائے‘ یہ ریستوران اب شہزاد صاحب چلا رہے ہیں اور کمال چلا رہے ہیں‘ یہ کھانا بنانا اور سرو کرنا دونوں جانتے ہیں‘ میری چند سال قبل ان سے حادثاتی ملاقات ہوئی اور اس کے بعد ان سے دوستی ہو گئی‘ دانش ان کے خالہ زاد ہیں‘ سفر کے شوقین ہیں لہٰذا انہوں نے ہمیں لیک بلوزی کا مشورہ دیا‘ ہم بلوزی کے مقام پر پہنچے تو پتا چلا جھیل کی زیارت کے لیے باقاعدہ ٹکٹ ہے‘ آپ کو جھیل تک جانے کے لیے 12 فرانک (پانچ ہزار روپے) کا ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے‘ یہ میری زندگی کی پہلی جھیل تھی جسے دیکھنے کے لیے ٹکٹ ادا کرنا پڑا‘ بہرحال ہم ٹکٹ خرید کر ایک جنگلی پگڈنڈی پر چل پڑے‘ گھنے درختوں کے درمیان غیر متاثر کن چھوٹی سی پگڈنڈی تھی‘ ہم مایوسی کے عالم میں اس پر چل پڑے لیکن تیسرے موڑ کے بعد ہم ساقط ہو کر رہ گئے‘ ہمارے سامنے پیالہ نما سبز جھیل تھی‘ پانی کرسٹل کی طرح صاف تھا لیکن اس کی تہہ میں کیوں کہ کائی جمی تھی لہٰذا اس کی وجہ سے اس کا رنگ زمرد کی طرح سبز تھا‘ سبز پیالے کے چاروں طرف اونچے درخت تھے‘ وہ منظر اور وہ ماحول حقیقتاً دل کشا تھا‘ وہاں ایک روحانی سکون بھی تھا‘ جھیل کے گرد چھوٹا ساہوٹل‘ ایک ریستوران اور دو صاف ستھری کافی شاپس تھیں‘ اس دن ہلکی ہلکی بارش ہو رہی تھی‘ ہم نے اس بارش میں کشتی کی سیر کی‘ کشتی کے کپتان نے بتایا یہ جھیل دس ہزار سال پرانی ہے‘ پانی میں پڑے درختوں کے تنے بھی جوں کے توں ہیں‘

سیاہ مچھلیاں بھی قدیم مچھلیوں کی نسل ہیں اور یہ کبھی اس وادی سے باہر نہیں گئیں‘ سبز پہاڑوں کے درمیان سبز جھیل اور اس کے درمیان کشتی کا سفر یہ سب کچھ ذہن میں نقش ہو گیا‘ ہم جھیل کا چکر لگانے کے بعد پہاڑ کی طرف نکل گئے وہاں ایک ایسا شوریدہ دریا تھا جو جھیل سے نظر آتا تھا اور نہ اس کا شور سنائی دیتا تھا‘ یہ بات عجیب تھی کیوں کہ وہ جھیل سے بمشکل 50میٹر کے فاصلے پر تھا لیکن وہاں سے اس کے وجود کا اندازہ تک نہیںہوتا تھا لیکن ہم جوں ہی پل پر پہنچے تو دریا کے شور نے کان بند کر دیے‘ دریا کے ساتھ ساتھ ٹریک تھا‘ ہم نے اس پر واک شروع کر دی‘ ہمارے بائیں ہاتھ دریا تھا اور دائیں جانب پہاڑ‘ پہاڑ سے جھرنے اور ندیاں دریا میں گر رہی تھیں‘ درمیان میں دو آب شاریں بھی آئیں‘ دریا کے ساتھ ساتھ کسانوں کے باڑے اور گائے تھیں‘ آپ اگر کبھی سوئٹزر لینڈ جائیں تو ان باڑوں سے کچا دودھ خرید کرضرور پئیں‘ پوری زندگی آپ کے منہ سے خوشبو آتی رہے گی وہاں کسانوں کے کھیت اور گھر بھی تھے‘

ہر گھر اور کھیت تک بجلی اور سڑک تھی‘ گھر بھی بہت خوب صورت اور سلیقے سے بنے تھے‘ میں جب بھی یورپ آتا ہوں تو مجھے بڑے شہروں کے علاوہ کسی قصبے میں گلیوں میں لوگ نظر نہیں آتے‘ آپ پورے قصبے یا گائوں میں گھوم لیں آپ کو دور دور تک کوئی بندہ بشر نظر نہیں آئے گا‘ کیوں؟ کیوں کہ لوگ گلیوں میں گھومنا پسند نہیں کرتے‘ یہ دن کے وقت دفتر یا کام کی جگہ پر ہوتے ہیں اور شام کے وقت گھروں کے اندر۔ یہ بلاوجہ باہر نہیں نکلتے جب کہ اس کے مقابلے میں آپ پاکستان کے کسی بھی شہر یا گائوں میں چلے جائیں آپ کو دور دور تک سر ہی سر دکھائی دیں گے‘ لوگ لوگوں کے ساتھ گھسیٹ کر چل رہے ہوں گے‘ ہمارے لوگ گلیوں میں کیا کر تے رہتے ہیں میں آج تک یہ نہیں سمجھ سکا‘ شاید گلیوں میں گھومنا اور دوسروں کو گھورنا ہمارا قومی مشغلہ ہے‘ بلوزی کے گائوں اور کسانوں کے ڈیروں پر بھی ہمیں کوئی شخص نظر نہیں آیا تاہم ان کی گاڑیاں‘ ٹریکٹرز اور کھیتی باڑی کے آلات ترتیب کے ساتھ پڑے تھے‘ ہمیں راستے میں پہاڑ کے ساتھ ایک قبر بھی ملی‘ اس پر تازہ تازہ پھول رکھے تھے‘ وہ کون تھا اور اس ویران علاقے میں اس کی قبر کیسے بن گئی؟ ہم یہ نہیں جان سکے‘ ہمیں راستے میں ایک ویران سا پل ملا‘ ہم نے وہ کراس کیا اور دوسری طرف آ گئے وہاں سے گھوم کر ہم سڑک پر آئے اور وہاں سے چھوٹا سا چکر لگا کر دوبارہ جھیل پر آ گئے‘ میری فیملی وہاں میرا انتظار کر رہی تھی‘ جھیل کی سائیڈ پر لکڑی کا پل اور دو آبی غار تھے‘ ہمیں پتا چلا جھیل کا پانی منرل واٹر ہے اور یہ بہت مہنگا بکتا ہے‘ غار میں منرل واٹر کا پلانٹ تھا‘ میں نے کافی شاپ سے کافی لی اور جھیل کے کنارے کھڑے ہو کر کافی انجوائے کرنے لگا۔

ہماری اگلی منزل انٹر لاکن تھی‘ ہم نے راستے میں تھن لیک کے کنارے لنچ کیا‘ اس کنارے پر صرف ایک ریستوران تھا‘ پوری جھیل پر اس کی مناپلی تھی‘ انٹرلاکن بنیادی طور پر سوئٹزر لینڈ کا مال روڈ ہے‘ سوئس جانے والے تمام سیاح اس کی زیارت ضرور کرتے ہیں‘ اس شہر کی چار اٹریکشنز ہیں‘ پہلی اٹریکشن یہ خود ہے‘ یہ دو جھیلوں کے درمیان واقع ہے‘ جھیلوں کو سرد دریا آپس میں ملاتا ہے‘ اس کا پانی ٹھنڈا اور تیز ہوتا ہے اور یہ شور بھی کرتا ہے‘ دریا کے ساتھ ساتھ لکڑی کے خوب صورت ہٹس اور گھر ہیں جب کہ قصبے کے درمیان کافی شاپس‘ ریستوران‘ بارز‘ ہوٹلز اور شاپنگ سنٹرز ہیں جہاں دن رات رش رہتا ہے‘ ٹائون کے چاروں طرف سبز پہاڑ ہیں‘ چوٹیوں سے پیرا گلائیڈنگ ہوتی ہے اور سارا شہر یہ تماشا دیکھتا ہے‘ دوسری اٹریکشن یون فرو(Jungfraujoch) یا ٹاپ آف دی یورپ ہے‘ یہ الپس کا بلند ترین گلیشیئر ہے‘اس پر گرمیوں میں بھی برف گرتی رہتی ہے‘ انٹر لاکن سے ٹرین اوپر جاتی ہے‘ سوئس لوگوں نے جب ہندوستان کے لوگ 1857ء کی جنگ آزادی لڑ رہے تھے عین اس وقت پہاڑ کو درمیان سے کاٹ کر اس میں ساڑھے آٹھ کلو میٹر کی ٹنل بنائی اور اس میں ٹرین چلا دی‘ یہ غار کے اندر نیچے سے اوپر کی طرف چلتی ہے اور یہ کسی معجزے سے کم نہیں‘ یہ ٹرین سیدھی گلیشیئر پر پہنچ کر رکتی ہے‘ تیسری اٹریکشن گرینڈل والڈ(Grindel Wald) کا قصبہ ہے‘ یہ سوئٹزر لینڈ کا خوب صورت ترین ٹائون ہے‘ آپ نے یہ دنیا بھر کی فلموں میں دیکھا ہو گا‘ یہ بھی بلندی پر پہاڑوں کے درمیان ہے اور وہاں باقاعدہ ٹرین جاتی ہے‘ قصبے سے دائیں بائیں وادی اور جھیلیں دکھائی دیتی ہیں اور چوتھی اٹریکشن لائوٹر برونین(Lauterbrunnen)کا قصبہ ہے‘ یہ اپنی آب شار کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے‘ پہاڑ کی انتہائی بلندی سے پانی کی دھار وادی میں گرتی ہے اور دیکھنے والوں کا دل کھینچ لیتی ہے‘ ہمیں ان دونوں قصبوں میں جانے کا موقع ملا‘ اس دن بارش ہو رہی تھی لیکن اس کے باوجود آب شار پر بہت رش تھا‘ سیاح چھتریاں لے کر رین کوٹ پہن کر آب بارش کی زیارت کر رہے تھے‘ آب شار کے ساتھ سیڑھیاں اوپر تک جاتی ہیں‘ لوگ پانچ سو سیڑھیاں چڑھ کر آب شار کے پلیٹ فارم تک پہنچتے ہیں وہاں پانی براہ راست گرتا ہے اور دور دور تک چھینٹے اڑاتا ہے‘ گرینڈل والڈ میں تیز بارش تھی‘ ہم وہاں پہنچے لیکن بارش کی وجہ سے قصبے کو انجوائے نہیں کر سکے ‘ہم بارش کی وجہ سے یون فرو بھی نہیں جا سکے کیوں کہ بارش میں گلیشیئر نظر نہیںآتا اور خنکی میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔

سوئٹزر لینڈ بہت خوب صورت ہے‘ یہ خوب صورتی سوئس لوگوں اور سسٹم کی دین ہے‘ یہ خطہ 1960ء تک بہت پس ماندہ اورگندہ تھا لیکن پھر حکومت اور عوام نے اسے جنت بنانے کا فیصلہ کیا اور کمال کر دیا‘ آپ پورا ملک پھر کر دیکھ لیں آپ کو کسی جگہ تنکا اور ٹشو پیپر کا ٹکڑا نہیں ملے گا‘ عوام کچرا بھی باقاعدہ بیگ میں بند کر کے کچرا گھروں میں پھینکتے ہیں‘ کچرے کے بیگز دکانوں سے خریدے جاتے ہیں اور ان کا سٹینڈرڈ بھی حکومت طے کرتی ہے‘ اس بیگ کے علاوہ کوڑا پھینکنے پر ٹھیک ٹھاک جرمانہ ہے‘ غلط جگہ سے سڑک پار کرنے پر بھی بھاری جرمانہ ہوتا ہے‘ فوجی ٹریننگ لازمی ہے‘ اٹھارہ سال کے تمام نوجوانوں کو باقاعدہ اٹھارہ ماہ فوجی ٹریننگ کرنا پڑتی ہے‘ حکومت واپسی پر انہیں وردی اور ہتھیار دے دیتی ہے‘ یہ انہیں گھر لے جاتے ہیں‘ اس کے بعد پوری زندگی یہ لوگ ہر سال تین ہفتوں کی ٹریننگ کرتے ہیں‘ آپ کسی بھی موسم میں سوئٹزر لینڈ جائیں آپ کو مختلف سٹیشنوں پر یونیفارم میں فوجی نظر آئیں گے‘ یہ ٹریننگ کے لیے جانے والے نوجوان ہوں گے لہٰذا پورا سوئٹزر لینڈ فوجی ہے اور ٹرینڈ ہے‘ سوئس کا نظام تعلیم بھی مختلف ہے‘کیسے؟ یہ میں آپ کو اگلے کالم میں گوش گزار کروں گا۔
نوٹ: ستمبرمیں ہمارا گروپ ازبکستان جا رہا ہے‘ آپ اس گروپ کا حصہ بننے کے لیے ان نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



انٹرلاکن میں ایک دن


ہم مورج سے ایک دن کے لیے انٹرلاکن چلے گئے‘ انٹرلاکن…

مورج میں چھ دن

ہمیں تیسرے دن معلوم ہوا جس شہر کو ہم مورجس (Morges)…

سات سچائیاں

وہ سرخ آنکھوں سے ہمیں گھور رہا تھا‘ اس کی نوکیلی…

ماں کی محبت کے 4800 سال

آج سے پانچ ہزار سال قبل تائی چنگ کی جگہ کوئی نامعلوم…

سچا اور کھرا انقلابی لیڈر

باپ کی تنخواہ صرف سولہ سو روپے تھے‘ اتنی قلیل…

کرایہ

میں نے پانی دیا اور انہوں نے پیار سے پودے پر ہاتھ…

وہ دن دور نہیں

پہلا پیشہ گھڑیاں تھا‘ وہ ہول سیلر سے سستی گھڑیاں…

نیند کا ثواب

’’میرا خیال ہے آپ زیادہ بھوکے ہیں‘‘ اس نے مسکراتے…

حقیقتیں(دوسرا حصہ)

کامیابی آپ کو نہ ماننے والے لوگ آپ کی کامیابی…

کاش کوئی بتا دے

مارس چاکلیٹ بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی…

کان پکڑ لیں

ڈاکٹر عبدالقدیر سے میری آخری ملاقات فلائیٹ میں…