اسلام آباد/کراچی (این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک )ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے خلیجِ بنگال اور بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دبائو تشکیل پاسکتا ہے، جس کے باعث ڈپریشن یا سمندری طوفان بن سکتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات
سردار سرفراز نے بتایا کہ آئندہ ہفتے خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا یہ کم دبائو مشرقی بھارت کے قریب پہنچنے تک ڈپریشن یا سمندری طوفان بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر اور نومبر میں سمندری طوفان بنتے ہیں، اس دوران ہوا کا کم دبائوڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا کہ ہوا کے کم دبائو کی تشکیل کے بعد اس کا ٹریک اور شدت واضح ہو گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کی فضا میں صبح کے وقت نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب آج بدھ کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اورمیدانی علاقوں میں گرم رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اورمیدانی علاقوں میں گرم رہے گا۔گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اورمیدانی علاقوں میں گرم رہا۔تاہم بالائی خیبر پختونخوا اورکشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔