اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو شہری نے منہ پر انڈہ دے مارا ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے انڈہ مارنے والے شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ واقعہ پیر کے روز جنوبی فرانس کے شہر لیون میںپیش آیا
۔فرانسیسی صدر کو انڈہ پڑنے کی ویڈیو ایک شہری نے ٹوئٹر پر شیئر کی ہے اور انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ لیون کا سفر کرتے ہوئے ایمانوئل میکرون کو انڈہ پڑ گیا۔ صدر کے سیکورٹی اہلکاروں نے انڈہ پھینکنے والے شخص کو فوری حراست میں لے لیا۔دوسری جانب فرانس کے یورپی معاملات کے وزیر کلیماں بون نے کہا ہے کہ برطانیہ میں پٹرول کی عدم دستیابی کا مسئلہ یہ واضح کرتا ہے کہ بریگزٹ ایک عقلی فراڈ تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی کمپنی برٹش پٹرولیم نے بتایا کہ اس کے قریب ایک تہائی پٹرول اسٹیشنوں پر فیول کے دو اہم گریڈز دستیاب نہیں ہیں۔ پٹرول کی کمی کے باعث پیدا ہونے والی افراتفری کے بعد برطانوی حکومت نے مسابقتی قوانین کو معطل کر کے پٹرولیم کمپنیوں سے کہا کہ وہ مشترکہ کوشش کر کے اس صورتحال کو بہتر کرنے میں مدد دیں۔