اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی )پیرس کلب نے یکم جولائی سے 31 دسمبر 2021 تک پاکستان کا قرضہ موخر کردیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس کلب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے اثرات پر قابو پانے کے لیے پاکستان کا قرض موخر کیا گیا پاکستان کورونا کے بعد
صحت، تعلیم اور معیشت پر اخراجات کر سکے گا۔کلب کا کہنا ہے کہ پاکستان قرض موخر کی سہولت کا اہل ہے، پاکستان کی درخواست کو منظور کرلیا گیا ہے۔ پاکستان دیگر ممالک سے بھی قرض موخر کرنے کی درخواست کرچکا ہے ۔پیرس کلب نان پیرس کلب سے بھی قرض موخر کروانے کی کوشش کرے گا۔دوسری جانب رواں مالی پہلے دو ماہ میں پاکستان نے 382 ارب روپے سے زائد کا بیرونی قرض لیا۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق رواں مالی سال جولائی اگست کے دوران حکومتی غیر ملکی قرض 2.37ارب ڈالر سے زائد رہا ، جولائی سے اگست بجٹ سپورٹ کی مد میں 58 ارب 76 کروڑ روپے کا بیرونی قرض لیا،گزشتہ دو ماہ کے دوران بانڈز کے اجرا سے 165 ارب 92 کروڑ روپے موصول ہوئے۔ دستاویز کے مطابق مختصر مدت کیلئے رواں جولائی سے اگست 67 ارب روپے کا بیرونی قرض لیا گیا، جولائی سے اگست مختلف منصوبوں کیلئے 87 ارب 68 کروڑ سے زائد بیرونی قرض لیا، جولائی سے
اگست چائنا یو ایس اے 8 کروڑ 81 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل کیا گیا،کثیر جہتی معاہدوں کے تحت 87 کروڑ 94 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، رواں مالی سال ابھی تک اے ڈی بی سے 28 کروڑ ڈالر قرض جاری کیا گیا ہے ،دوطرفہ معاہدوں کے تحت مختلف ممالک سے 9 کروڑ 19 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، پاکستان نے کمرشل بنکوں سے بھی 36 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا قرض لیا۔