کابل(این این آئی)افغانستان کے سابق وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کے گھر سے غیر ملکی شراب کی بوتلوں کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں طالبان کی طرح دکھائی دینے والے چند لوگ ایک گھر میں داخل ہو رہے ہیں اور ایسے کمرے میں جاتے ہیں جہاں لاتعداد اور قسم قسم کی شراب کی بوتلیں رکھی ہوئی ہیں۔ویڈیو ریکارڈ کرنے والا یہ بھی بتا رہا ہے کہ یہ گھر سابق وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کا ہے جو ملک سے جاچکے ہیں تاہم پیچھے یہ جائیداد چھوڑ گئے ہیں۔صلاح الدین ربانی سابق افغان صدر اور سویت یونین کیخلاف جنگ لڑنے والے کمانڈر برہان الدین ربانی کے صاحبزادے ہیں۔ویڈیو کے حوالے سے سابق وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کا ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہوسکی ہے۔