تور غر/ایبٹ آباد (این این آئی)خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر کی تحصیل جدبہ میں طوفانی بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے 3 مکانات منہدم ، خواتین اور بچوں سمیت چودہ افراد جاں بحق (تازہ اعداد و شمار)اور متعدد زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب طوفانی بارش کے دوران زور دار آسمانی بجلی گرنے
سے تین گھ منہدم ہوگئے جہاں دو بھائیوں اور ایک پڑوسی کے اہل خانہ رہائش پذیر تھے۔انھوں نے بتایا کہ واقعہ میں 14 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جن میں سے 11افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جن کے نام شہزاد عمر ولد سید عمر، شاہ نواز خان ولد شہزاد، گل لادینہ بی بی، الطاف سید زوجہ گل ملوک، انور ولد شیراز ،چھوٹی بچی آسیہ بی بی، نوجوان بخت نواز خان ،بخت راز نامی لڑکی، روبینہ بی بی اور عمیرہ بی بی نامی چھوٹی بچیاں شامل ہیں،زخمیوں میں ایک خاتوں اور بچے سمیت دو افراد شامل ہیں،امدادی کارروائیوں میں پولیس کے ساتھ ساتھ مقامی افراد بھی حصہ لے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں سے 12 افراد دو حقیقی بھائیوں کے اہل خانہ ہیں ، دیگر دو پڑوسی فیملی سے تعلق رکھتے ہیں۔ریجن کے اسسٹنٹ کمشنر اظہر ظہور کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں تورغر کی تحصیل جودبا کے دور دراز علاقے جھٹکا میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث تین مکانات گرنے کی وجہ سے ہوئیں۔ملبے سے اب تک 12 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں ،
ریسکیو کا کام دن بھرجاری رہا ،اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہا ہوں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، ٹریفک کے سڑکیں بھی کلیئر کردی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ متاثرہ خاندانوں کو سہولیات، خیمے اور خوراک فراہم کی جائیگی۔اظہر ظہور نے کہا کہ تیز بارش کے باعث مویشیوں کے باڑے کو بھی نقصان پہنچا، ٹریکٹر سلپ ہونے سے اس کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔اس کے علاوہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے جبکہ سڑکیں بند ہوگئیں۔