کابل(این این آئی )افغان دارالحکومت کابل میں احتجاج کی کوریج کرنے والے دو صحافیوں کو طالبان نے کافی دیر تک حراست میں رکھنے کے بعد شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق دونوں صحافیوں کو ایک مظاہرے کے دوران اٹھایا گیا اور وہاں سے کابل کے ایک پولیس اسٹیشن لے جایا گیا انہیں ڈنڈوں، برقی تاروں اور کوڑوں سے مارا گیا
۔فوٹو گرافر نعمت اللہ نقدی نے بتایا کہ طالبان اہلکاروں میں سے ایک نے میرے سر پر پائوں رکھا اور میرے چہرے کو کنکریٹ پر دبا دیا، میرے سر پر لات ماری، میں نے سوچا کہ وہ مجھے مار ڈالیں گے۔نعمت اللہ اور اس کے ساتھی رپورٹر تقی دریابی دونوں اطلاعات روز کے لیے کام کرتے ہیں اور انہیں پولیس اسٹیشن ایک چھوٹے سے احتجاج کی کوریج سونپی گئی تھی جہاں خواتین کام کرنے اور تعلیم کا حق دینے کا مطالبہ کررہی تھیں۔