لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا،بروقت نکاسی آب نہ ہونے سے اہم شاہراہیں اورکئی علاقے زیر آب آ گئے ، کئی علاقوںمیں بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اورگھنٹوں بجلی بند رہی۔تفصیلات کے مطابق
گزشتہ روز تیز ہوائوں کے ساتھ اچانک موسلادھاربارش شروع ہو گئی جس سے جل تھل ایک ہو گیا۔کینال روڈ سے ملحقہ علاقوں مغلپورہ، لال پل، فتح گڑھ، دھرم پورہ، جوہر ٹاون، وفاقی کالونی میں بارش ہوئی، گلبرگ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، سمن آباد، اقبال ٹاون، پانی والا تالاب، لکشمی چوک اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش اور نکاسی آب نہ ہونے سے اہم شاہراہیں اورعلاقے زیر آب آگئے ۔شاہراہوں پر پانی کھڑا ہوانے سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔ بارش کے بعدکئی علاقے تالاب کامنظر پیش کرتے رہے اور گھنٹوں پانی کھڑارہا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش مغل پورہ میں 38 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مال روڈ پر 36، گلبرگ 29، جوہر ٹاون 34، اقبال ٹاون 21، نشتر ٹاون 12، پانی والا تالاب پر 11 اور سمن آباد میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔